Quotes by T For Tariq in Bitesapp read free

T For Tariq

T For Tariq

@tfortariq.745477


کاوش فکر ✍️ طارق مصطفیٰ التفات گنجوی



🌹🌹غزل🌹🌹



ایک لمحے میں ہی تصویر بدل جائے گی

وہ نظر ڈال دے تقدیر بدل جائے گی



وہ اگر چاہے تو صحرا کو بنادے گلشن

اور پھر خواب کی تعبیر بدل جائے گی



*زندگی بھر یہ شباہت نہیں رہنے والی*

*کچھ دنوں میں تری تصویر بدل جائے گی*



چند سکوں میں یہاں عدل بھی بک جاتا ہے

دیکھنا جرم کی تعزیر بدل جائے گی



ان کو جو ٹوٹ کے چاہا یہ خطا ہے میری

وہ اگر چاہیں تو تقصیر بدل جائے گی



آپ آجائیں جو چاہت کا اجالا بن کر

دل کے آئینے کی تنویر بدل جائے گی



حال تو پوچھ لو مرہم نہ رکھو زخموں پر

کچھ نہ کچھ درد کی تاثیر بدل جائے گی



کون لکھے گا ترے بعد یہ قصے طارقؔ

جب یہ بخشی ہوئی جاگیر بدل جائے گی

Read More